گلگت (نمائندہ خصوصی)سیکرٹری سیاحت، کھیل و ثقافت گلگت بلتستان ضمیر عباس نے کمشنر گلگت ڈویژن سید توقیر حیدر کاظمی کے ہمراہ شاہی پولو گراؤنڈ گلگت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جشنِ آزادی پولو ٹورنامنٹ 2025 کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا دورے کے دوران ڈائریکٹر اسپورٹس بورڈ شاہ محمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سیکریٹری سیاحت نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ایونٹ سے قبل تمام تر انتظامات — صفائی، سیکیورٹی، پارکنگ، وی آئی پی اسٹینڈز، پانی اور عوامی سہولتوں — کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ضمیر عباس نے کہا کہ “جشنِ آزادی پولو ٹورنامنٹ صرف ایک کھیل کا ایونٹ نہیں بلکہ یہ گلگت بلتستان کی ثقافتی شناخت، روایتی ورثے اور عوامی جوش و خروش کا عکاس موقع ہے۔ ہم اس ایونٹ کو یادگار، منظم اور پرجوش انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہی پولو گراؤنڈ صدیوں پرانی کھیلوں اور ثقافتی تقریبات کی علامت ہے، اور حکومت گلگت بلتستان اس روایت کو جدید تقاضوں کے مطابق فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ادھر کمشنر گلگت ڈویژن سید توقیر حیدر کاظمی نے بھی انتظامی اداروں کو ہدایت دی کہ عوام کی سہولت اور کھلاڑیوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جائے تاکہ ملک بھر سے آنے والے سیاح اور شائقین ایک شاندار اور پُرامن ایونٹ سے لطف اندوز ہو سکیں انتظامیہ کے مطابق تیاریوں کا عمل تیزی سے جاری ہے اور جلد ہی شاہی پولو گراؤنڈ گلگت ایک تاریخی اور رنگا رنگ ایونٹ کا مرکز بننے والا ہے۔