گلگت (س۔ر)جشن بہاراں ڈیپارٹمنٹل فٹ بال ٹورنامنٹ کا رنگارنگ میلہ میونسپل سٹیڈیم سکردو میں سج گیا۔ مارچ پاسٹ اور افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر سکردو کیپٹن (ر) محمد عامر تحسین تھے۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے ڈیپارٹمنٹل فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز میونسپل سٹیڈیم سکردو میں ہوا۔ افتتاحی تقریب میں تمام ٹیموں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں کل 16 محکمہ جات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہے۔ جو کہ لیگ سسٹم کے تحت کھیلا جائے گا۔ اور چار پول میں تقسیم کی گئی ہے۔ اور پول میں فاتح ٹیمیں اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کریں گے۔ افتتاحی میچ سکردو انٹر نیشنل ائیر پورٹ کا مقابلہ محکمہ تعمیرات عامہ سکردو کے ساتھ تھا جو کہ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ جبکہ دوسرا میچ ڈسٹرکٹ پولیس سکردو اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں ڈسٹرکٹ پولیس نے مد مقابل ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ جشن بہاراں سپورٹس گالا 2024 میں کھیلوں کے مخلتف مقابلے ہوں گے جس میں فٹ بال، والی بال، پولو، ہاکی اور کرکٹ کے مقابلے ہوں گے، جو کہ مختلف گراؤنڈ میں مختلف اوقات میں ہوں گے۔ جشن بہاراں سپورٹس گالا کے انعقاد سے مختلف کھیلوں میں دلچسپی لینے والے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ سکردو نے مختلف ایونٹس کا انعقاد کر کے یہاں کے عوام اور یوتھ کو ایک بہترین مثبت تفریح کا موقع فراہم کیا ہے۔