ڈی جی ایس سی او نے کوٹلی یونیورسٹی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، سہنسہ میں فری لانسنگ ہب اور کوٹلی جیل میں پہلی آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا

راولپنڈی(اپنا عروج نیوز)ڈائریکٹر جنرل اسپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) میجر جنرل عمر احمد شاہ (ستارہ امتیاز ملٹری) نے ضلع کوٹلی میں تین اہم ڈیجیٹل منصوبوں — کوٹلی یونیورسٹی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، تحصیل سہنسہ میں فری لانسنگ ہب اور کوٹلی جیل میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا۔کوٹلی یونیورسٹی میں قائم یہ دوسرا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جو فری لانسرز، اسٹارٹ اپس اور آئی ٹی پروفیشنلز کو کام کے بہتر مواقع فراہم کرے گا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر، عسکری قیادت اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈی جی ایس سی او نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، فری لانسرز اور طلبا سے ملاقات کی اور ان کی محنت و جذبے کو سراہا۔

بعد ازاں، تحصیل سہنسہ میں فری لانسنگ ہب کا افتتاح کیا گیا، جس کا مقصد دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ ایس سی او وژن 2025 کا حصہ ہے، جس کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کی رہنمائی میں اب تک آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 100 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور فری لانسنگ ہبز قائم کیے جا چکے ہیں۔ ڈی جی ایس سی او نے بتایا کہ ایس سی او نے اس سے قبل پاکستان کا پہلا خواتین کے لیے مخصوص سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مظفرآباد میں اور نوبل فاؤنڈیشن کے تعاون سے معذور افراد کے لیے فری لانسنگ ہب بھی قائم کیا، جو ڈیجیٹل شمولیت کی شاندار مثالیں ہیں۔

اس کے علاوہ، کوٹلی جیل میں قائم آئی ٹی لیب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی کسی بھی جیل میں قائم کی جانے والی پہلی آئی ٹی لیب ہے، جس کا مقصد قیدیوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور بحالی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کوٹلی نے ایس سی او کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سہولیات خطے کے لیے ایک نعمت ہیں جو نوجوانوں کو مساوی ڈیجیٹل مواقع اور روزگار فراہم کریں گی۔ ایس سی او کے یہ اقدامات ڈیجیٹل خلا کے خاتمے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو فعال کردار دینے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں