قائد اعظم کوخراج عقیدت کا احسن طریقہ یہ ہے کہ ہم ایمانداری سےاپنے فرائض ادا کریں،نگران سی ایم جسٹس (ر) یار محمد

گلگت(نیوز رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد کا قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پرپیدائش پر خصوصی پیغام نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے موقع پر میڈیا کو جاری خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 25 دسمبر کا دن ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔آج کا دن بانی پاکستان اور اپنے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے افکار، نظریے اور سوچ کو آگے بڑھانے کے عزم کا دن ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں انگریزوں کے زیر تسلط اور ہندو سامراج کے ظلم و ستم کا شکار بننے والی مسلمان قوم کو قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور اپنی جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل کو ممکن بنایا جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی ودیگر کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو آزادی سے اپنی زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں حقوق و مواقع حاصل ہوں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محنت، سچائی، دیانتداری، بے لوث جدوجہد اور جمہوری اقدار کی پاسداری قائد اعظم کی زندگی کے وہ چند زریں اصول ہیں جن کی تقلید کرتے ہوئے ہم ملک و قوم کو درپیش مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور پاکستان کو مزید مستحکم بناسکتے ہیں۔ بانی پاکستان کی تعلیمات اور فرمودات کی اہمیت میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہورہاہے۔ ہمیں اپنے معاشی، معاشرتی اور انتظامی امور میں درپیش دشواریوں کو احسن انداز میں حل کرنے کیلئے بانی پاکستان کی زندگی اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بانی پاکستان قائد محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین اور احسن طریقہ یہ ہے کہ ہم ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے پر توجہ دیں اور تمام تعصبات اوروابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنی تمام صلاحیتیں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی پر مرکوز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں