صحافیوں کی وسائل کی کمی اور مالی مشکلات جلد دور کی جائیں گی،ابرار مرزا

گلگت:گلگت پریس کلب اور گلگت یونین آف جرنلسٹس کے صدور اور انکی کابینہ پر مشتمل وفد نے منگل کے روز چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا سے گلگت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے چیف سیکریٹری کو گلگت بلتستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا انڈسٹری کی زبوں حالی، اور متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی سے پیدا ہونے والی مشکلات سے تفصیل سے آگاہ کیا۔وفد نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ گلگت بلتستان کے صحافی وسائل کی کمی، مالی مشکلات، اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں میڈیا اداروں کو حکومتی سطح پر درکار تعاون میسر نہیں ہے جس کے باعث صحافتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔چیف سیکرٹری نے مسائل غور سے سننے کے بعد یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں سے متعلق تعطل کے شکار امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ صحافت معاشرے کی رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اس لیے صحافیوں کو بہتر سہولیات اور ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے گلگت بلتستان میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ امور میں بہتری سے متعلق قانون سازی اور ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی منظوری میں تاخیر ، صحافیوں کے لیے مختص انڈومٹ فنڈ سے جلد صحافیوں کو مستفید کرنے میں تاخیر ،اخبارات کو جاری اشتہارات میں لنگویج چارجز کاٹنے، ہفت روزہ اخبارات کو ریگولر اشتہارات کی بندش سمیت دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں میڈیا انڈسٹری اور اس سے وابستہ کارکنوں کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ملاقات میں گلگت پریس کلب کے صدر طاہر رانا نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میڈیا انڈسٹری اور اس سے وابستہ کارکنوں کو درپیش چیلنجز حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ ابتک گلگت بلتستان میں صحافیوں کی استعداد کار میں اضافے اور ان کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا ہے اس موقع پر گلگت یونین آف جرنلسٹس کی صدر کرن قاسم نے بھی صحافیوں کو درپیش مشکلات سے چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں