گلگت(نمائندہ خصوصی)محکمہ آبادی بہبود گلگت بلتستان کے زیر اہتمام نوجوانوں کے لیے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے ہمہ جہتی اثرات کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ یہ سیمینار یوتھ ریسورس سنٹر، جوٹیال، گلگت میں ہوا، جس کے چیف گیسٹ سیکریٹری سوشل سیکٹر گلگت بلتستان، منصور عالم تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری سوشل سیکٹر جناب عارف تحسین صاحب، ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر اور ڈائریکٹر ہیلتھ نے بھی شرکت کی۔
سیمینار میں نوجوانوں کے علاوہ مقامی کمیونٹی کے نمائندگان، میڈیا کے افراد، سول سوسائٹی کے اراکین اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے بھی بھرپور شرکت کی۔ نوجوانوں کی زیادہ تعداد کی بنیاد پر خصوصی طور پر انہیں مدعو کیا گیا تاکہ آبادی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں ان کا کردار زیادہ مؤثر ہوسیکریٹری سوشل سیکٹر، جناب منصور عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی آج کے دور کا ایک سنگین سماجی و معاشی چیلنج ہے، جس کے اثرات براہِ راست تعلیم، صحت، روزگار اور قدرتی وسائل پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں توازن کے بغیر پائیدار ترقی کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور آبادی سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی، صحتِ تولید اور ذمہ دارانہ فیصلوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جو نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں سیکریٹری سوشل سیکٹرمنصور عالم صاحب نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان آبادی بہبود کے شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر پالیسیوں اور اقدامات پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں محکمہ صحت، تعلیمی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر جناب آمین صاحب نے مہمانانِ خصوصی، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ مستقبل میں بھی نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیمینار سے حاصل ہونے والی معلومات نوجوانوں کو مثبت اور باخبر فیصلے کرنے میں معاون ثابت ہوں گی-