سیکریٹری خزانہ نجیب عالم کا OM ماڈیول کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کرنے کا اعلان

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی کی ہدایات پر فنانشل اکاؤنٹنگ اینڈ بجٹنگ سسٹم (FABS) ڈائریکٹوریٹ کے زیرِ اہتمام گلگت بلتستان میں آرگنائزیشنل مینجمنٹ (OM) ماڈیول کے نفاذ سے متعلق ایک اہم تعارفی سیشن منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری خزانہ گلگت بلتستان نجیب عالم، اکاؤنٹنٹ جنرل گلگت بلتستان محمد لقمان، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ سکاوت حسین، ڈائریکٹر پی ایم آر یو اور محکمہ خزانہ گلگت بلتستان کے سسٹم اینالسٹ سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ OM ماڈیول کے نفاذ سے گلگت بلتستان میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے ریکارڈ اور منظور شدہ آسامیوں (SNE) کے درمیان مکمل ہم آہنگی پیدا ہوگی، غیر مجاز اور اضافی ادائیگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا، انسانی وسائل کے انتظام میں شفافیت آئے گی، بجٹ سازی اور مالی منصوبہ بندی بہتر ہوگی اور آڈٹ کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے گا، جس سے مجموعی طور پر مالی نظم و ضبط اور بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ ملے گا۔سیشن کے دوران سیکریٹری خزانہ گلگت بلتستان نجیب عالم نے کہا کہ حکومتِ گلگت بلتستان منظور شدہ آسامیوں اور تنخواہوں کے ریکارڈ میں موجود تضادات کے خاتمے کے لیے OM ماڈیول کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، کیونکہ اس کی عدم موجودگی کے باعث انسانی وسائل اور تنخواہوں سے متعلق متعدد انتظامی اور مالی مسائل درپیش ہیں۔فنانشل اکاؤنٹنگ اینڈ بجٹنگ سسٹم (FABS) کی تکنیکی ٹیم نے OM ماڈیول کے عملی نفاذ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ مؤثر نفاذ کے لیے ڈیٹا میں موجود تضادات کی نشاندہی اور ان کی اصلاح، معیاری ڈیٹا فارمیٹس کی تیاری، اور محکمہ خزانہ گلگت بلتستان، دفتر اکاؤنٹنٹ جنرل گلگت بلتستان اور تمام محکموں کے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کی تربیت ناگزیر ہوگی۔ مزید بتایا گیا کہ دیگر صوبوں میں SAP اپ گریڈیشن کی تکمیل کے بعد گلگت بلتستان میں OM ماڈیول کا باقاعدہ نفاذ شروع کیا جائے گا، جبکہ عبوری مدت کے دوران FABS کنسلٹنٹس کی نگرانی میں ڈیٹا کی ہم آہنگی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں یہ بھی طے پایا کہ دسمبر کی تنخواہوں کی ادائیگی کے فوراً بعد ایک معیاری فارم جاری کیا جائے گا، مؤثر رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسنز پر مشتمل واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے گا، جبکہ جون 2026 میں آزمائشی مرحلہ اور جولائی 2026 سے مکمل نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔آخر میں شرکاء نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی سے ملاقات کی اور انہیں سیشن کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی نے گلگت بلتستان میں OM ماڈیول کے نفاذ کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مالی شفافیت، انسانی وسائل کے مؤثر انتظام اور بہتر حکمرانی کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
سرخیاں نکال دیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں