سکردو:گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شگری کلاں میں یومِ آزادی گلگت بلتستان کے پرُوقار موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولز سکردو، حاجی ابوالحسن کو “بہترین منتظمِ اعلیٰ” کے اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کی صدارت وزیرِ تعلیم گلگت بلتستان شہزاد آغا نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان ریجن عبدالوھاب میر تھے۔تقریب میں ڈائریکٹر ایجوکیشن ایڈمن ذوالفقار علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن لیاقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن محمد حسین، راجہ بشارت حسین خان، معروف صحافی اسحاق جلال، شیخ ناظمی سمیت سابق وزیر زراعت شیخ نثار حسین سرباز اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسول ﷺ اور ملی نغمات پیش کیے گئے۔ طلباء نے تقریری مقابلے اور خوبصورت ٹیبلو کے ذریعے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حاجی ابوالحسن کی تعلیمی خدمات اور انتظامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محنت، دیانت اور لگن سے تعلیمی میدان میں قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔تقریب کے دوران ڈی ڈی او شگری کلاں اور عمائدینِ علاقے کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ وزیرِ تعلیم نے “بہترین منتظمِ اعلیٰ” کا ایوارڈ عطا کیا۔ وزیرِ تعلیم شہزاد آغا نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی کا زینہ اور اساتذہ معاشرے کے حقیقی معمار ہیں، حاجی ابوالحسن جیسے محنتی افسران نظامِ تعلیم کے وقار میں اضافہ کر رہے ہیں۔تقریب میں تنظیمِ معلمین گلگت بلتستان اور سکردو کے عہدیداران، یوتھ آف شگری کلاں و گمبہ اور دیگر معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔