گلگت(اپنا عروج نیوز)ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد کی زیر صدارت بجلی کی پیداوار میں کمی اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس گلگت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت، ایگزیکٹو انجینئر واٹر اینڈ پاور، ایگزیکٹو انجینئر آپریشن، ایگزیکٹو انجینئر جنرل و سول، اسسٹنٹ کمشنر گلگت، اسسٹنٹ کمشنر دنیور، اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ، ایڈیشنل ایس پی گلگت، صدر و اراکین گلگت یوتھ موومنٹ اور دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایگزیکٹو انجینئر واٹر اینڈ پاور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سردیوں کے موسم میں پانی کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے، جبکہ صارفین کی جانب سے دیسی ساختہ گیزرز اور ہیٹرز جیسے بھاری برقی آلات کے زیادہ استعمال سے لوڈشیڈنگ کی صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔ بجلی کے بلات کی عدم ادائیگی اور بغیر میٹر کے استعمال کے مسائل بھی بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہے ہیں، جن کی روک تھام کے لیے انتظامیہ کے تعاون کی اشد ضرورت ہےایگزیکٹو انجینئر جنریشن اور ایگزیکٹو انجینئر سول نے بھی اپنی اپنی ذمہ داریوں سے متعلق ڈپٹی کمشنر گلگت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ ضلع گلگت میں توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ فعال اقدامات کر رہی ہے۔ اس ضمن میں بھاری برقی آلات بالخصوص دیسی ساختہ گیزرز اور ہیٹرز کی خرید و فروخت پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے فیوز نصب کرنے اور گلگت یوتھ موومنٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جو محکمہ برقیات کے ساتھ مل کر مہم میں کردار ادا کرے گی گلگت یوتھ موومنٹ کے صدر و اراکین نے ضلعی انتظامیہ کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے بجلی کی بچت اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے تینوں سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنی حدود میں محکمہ برقیات، انتظامیہ اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں جو روزانہ کی بنیاد پر بجلی کے بلات کی وصولی اور بغیر میٹر کے بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی حدود میں دفعہ 144 کے تحت بھاری برقی آلات کی خرید و فروخت پر پابندی کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر گلگت نے ایس ایس پی گلگت کو ہدایت دی کہ بھاری برقی آلات کی خرید و فروخت پر عائد پابندی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے تمام سرکاری اداروں کے سربراہان کو تحریری احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جن سرکاری ملازمین کے گھروں میں بجلی کے میٹر نصب نہیں ہیں، وہ فوری طور پر میٹر نصب کروائیں تاکہ توانائی کے منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔