گلگت (س ۔ر)معاون خصوصی برائے انڈسٹریز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محمد علی قائد نے اسلامی تحریک گلگت کے وفد کے ہمراہ میاچھر سے گلگت آنے والی مسافر وین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گلگت میں عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کے حوالے سے ہر ممکن مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیااس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر بڑھتے ہوئے حادثات ایک سنگین مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حادثات کے تدارک کے لیے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے خصوصی مشاورت کی جائے گی، جس کے تحت ہنزہ نگر سیکشن پر ہائی وے پولیس تعینات کی جائے گی تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ محمد علی قائد نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔