گلگت : وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل اور فیسوں میں حالیہ اضافوں کے باعث پیدا شدہ صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ ، معاون خصوصی برائے ایریگیشن حسین شاہ ، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان زبیح اللہ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد ، وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی عطاء اللہ شاہ ، رجسٹرار کے آئی یو ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن گلگت بلتستان ،، سیکرٹری برائے چیف منسٹر گلگت بلتستان حاجی ثناء اللہ سمیت دیگر اعلی عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان کا اعلی ترین تعلیمی ادارہ ہے اور یہ جامعہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، صوبائی حکومت یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل کا بھرپور ادراک رکھتی ہے اور ان مسائل کے ازالے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ وزیر اعلی حاجی گلبر خان نے یونیورسٹی کے اعلی حکام کے وفد کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اپنے مالی وسائل میں ہر ممکن حد تک جامعہ قراقرم کی مدد کرے گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورے کے موقع پر بھی یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلات کی بابت آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ ہمیں یونیورسٹی کے طلبا کی مشکلات کا اندازہ ہے ، فیسوں میں حالیہ اضافے سے پیدا شدہ بحران کے حل کے لئے صوبائی وزرا پر مشتمل ایک کمیٹی جلد کسی حل کے لئے ٹھوس سفارشات پیش کرے گی ۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر انتظامی افسران کو کہا کہ مالی بحران کے خاتمے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مشترکہ کوششیں جاری رکھیں ،تاکہ گلگت بلتستان کی اولین یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔