اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی میں جدت کے پیش نظر او آئی سی کا آفیشل اینتھم ”ہم مصطفوی” کو دوبارہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اس ترانے کی دھن اور تھیم پرانی ہے، جمیل الدین عالی کا تحریر کردہ یہ ترانہ قرآن کریم سے ماخوذ ہے اور اس میں خوبصورت زبان اور تاریخ کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے آفیشل گانے کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”ترانے کا تھیم اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور تفرقے میں مت پڑو” ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ ترانہ او آئی سی کا آفیشل ترانہ ہے، 1974 میں ایک قرارداد کے ذریعے ”ہم مصطفوی” کو او آئی سی کا آفیشل اینتھم ڈیکلیئر کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ترانہ اردو زبان میں ہے لیکن اس میں عربی، فارسی کا تھیم موجود ہے، 1974 میں او آئی سی کانفرنس میں پہلی مرتبہ یہ ترانہ پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترانے کا میوزک ویسٹرن کلاسک اور یہ ترانہ یونیورسل زبان میں ہے جس میں خوبصورت زبان اور تاریخ کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے کوشش کی ہے کہ ترانے کی اصل شکل کو برقرار رکھا جائے۔
36