40

یکساں قومی نصاب نہ صرف ملک کے تعلیمی نظام میں تقسیم کو ختم کرے گا بلکہ طلباء کو برابر کے مواقع فراہم کرنے میں بھی معاون و مددگار ثابت ہو گا،وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ یکساں قومی نصاب نہ صرف ملک کے تعلیمی نظام میں تقسیم کو ختم کرے گا بلکہ طلباء کو برابر کے مواقع فراہم کرنے میں بھی معاون و مددگار ثابت ہو گا۔ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں اعزازات اور انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یکساں قومی نصاب پہلے سے ہی کلاس 1 سے 5 تک لاگو کیا جا چکا ہے، کلاس 6 سے 8 کے لیے یکساں نصاب اس سال متعارف کرایا جائے گا جبکہ کلاس 9 اور 10 کے لیے یہ اگلے سال نافذ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طرز عمل کے برعکس ملک میں انگریزی میڈیم، اردو میڈیم اور دینی مدارس کی شکل میں3 تعلیمی نظام موجود ہیں تاہم یکساں قومی نصاب اس امتیاز کو ختم کرے گا کیونکہ یہ موجودہ حکومت کا بنیادی ہدف رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم یکساں قومی نصاب کے نفاذ کے دوران درپیش مشکلات پر قابو پانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ وفاقی وزیر نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارکباد دی اور تعلیم کے ساتھ ساتھ امتحانی نظام میں اصلاحات متعارف کرانے پر وفاقی تعلیمی بورڈ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان انٹرنیشنل اسکولوں سمیت تقریباً 2,652 تعلیمی ادارے وفاقی تعلیمی بورڈ سے منسلک ہیں اور حکومت نے پہلی نیشنل سکلز یونیورسٹی بھی قائم کی ہے جہاں 600 طلباء متعدد شعبوں میں ہنر کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔  قبل ازیں وزیر تعلیم نے سیکرٹری تعلیم ناہید درانی کے ہمراہ 2020 اور 2021 سیشن کے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ  اور ہائر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ  کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں ایوارڈز اور انعامات تقسیم کئے۔ پہلی پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈلز دیئے گئے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کو بالترتیب چاندی اور کانسی کے میڈلز کے علاوہ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے تمام  طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ، سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات دیے گئے۔ قبل ازیں وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین قیصر عالم نے حاضرین کو بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں جاری تعلیمی اور امتحانی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے تمام امتحانی مراکز کی جی آئی ایس میپنگ کے ساتھ ساتھ 2سالانہ امتحانات بھی متعارف کرائے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں