28

  اراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز اور کارکنان کو متحرک کریں ،وزیراعظم عمران خان 

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل فیصلے لے کر  معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، پی ٹی آئی حکومت نے ہمیشہ انصاف و قانون کی بالادستی اور غریب کی فلاح کے لئے کام کیا ہے، ہمارے دور میں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا جس کو عوامی فلاح پر ہی خرچ کیا گیا، انہوں نے اراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کرنے اور کارکنان کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت  کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں میں کیا۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی لال چند، شنیلا روتھ، جے پرکاش ، جمشید تھامس، چوہدری محمد عدنان، اعجاز خان جازی، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، محمد بشیر خان، جنید اکبر، صالح محمد، مجاہد علی، ملک انور تاج، ناصر خان موسیٰ زئی، شہریار آفریدی، ملک فخر زمان خان، خرم شہزاد، روبینہ جمیل، راحت امان اللہ بھٹی، ملک کرامت علی، رائے محمد مرتضیٰ اقبال، ظہور حسین قریشی اور وزیر سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان شامل تھے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقاتوں میں متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور سیاسی امور زیر غور آئے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کا اندازہ حالیہ جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد میں شمولیت سے لگایا جاسکتا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے ہمیشہ انصاف و قانون کی بالادستی اور غریب کی فلاح کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل فیصلے لے کر  معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت خود بھاری سبسڈی برداشت کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ  ہمارے دور میں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا جس کو عوامی فلاح پر ہی خرچ کیا گیا، سرکاری اخراجات میں کمی لائی گئی تاکہ وہی پیسہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء نے بین الاقوامی معیشت کو نقصان پہنچایا تاہم ہماری حکومت کی پالیسیوں کو سراہا گیا، زراعت، تعمیرات، بڑی صنعتوں، برآمدات اور ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ ہماری سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہو سکا۔ وزیر اعظم  نے کہا کہ قومی صحت کارڈ، کامیاب پاکستان پروگرام، احساس پروگرام، کامیاب جوان پروگرام، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، کسان کارڈ تخفیف غربت  اور معاشی ترقی کے لئے حکومت کے انقلابی اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام فیصلے ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح کو مد نظر رکھ کر لیتی ہے۔ وزیر اعظم کی اراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کرنے اور کارکنان کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں