53

عمران خان سے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی کی ملاقات، قبضہ مافیا کے خلاف ، خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی

لاہور:وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاو س لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے علاوہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کے اقدامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔صوبہ بھر میں خواتین کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ایسے واقعات کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کیلئے فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرکے سخت سے سخت سزا یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں