21

تحریک انصاف 1 کروڑ 70 لاکھ ووٹ لیکراقتدار میں آئی ہے، ہماری حکومت کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا،بلاول بھٹو کا دورہ امریکہ غلامانہ سوچ کا شاخسانہ ہے،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمران چور دروازے سے اقتدار میں آتے رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت 1 کروڑ 70 لاکھ ووٹ لیکر طویل جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئی ہے، ہماری حکومت کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، سابق حکمران غلامانہ سوچ رکھتے تھے اور بلاول بھٹو کا دورہ امریکہ بھی اسی کا شاخسانہ ہے، بلاول امریکہ کے دورے کرتے رہیں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، آرپار کرنے والے عوام سے مسترد ہو کر ادھر ادھر خوار ہو رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے مودی کی ہندوتوا سوچ کو بے نقاب کیا ہے اور آج مغربی میڈیا مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف لکھ رہا ہے، ایسی صورتحال میں مریم نواز غیرذمہ دارانہ بیانات دے کر کشمیریوں کی تحریک کو نقصان پہنچا رہی ہیں، شہباز شریف ایک ڈھیلے کی کرپشن نہ کرنے کا ٹوپی ڈرامہ بند کریں، وہ سلمان شہباز کو واپس بلائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے افغان مسئلہ پر جرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے، ماضی میں کسی صدر اور وزیراعظم میں اتنی جرات نہیں تھی کہ وہ اسطرح کا دو ٹوک موقف اختیار کرتا، سابقہ حکومتوں نے خود ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی تھی، یہ لوگ اوپر اوپر سے مذمت اور اندر سے ساتھ ملے ہوئے تھے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہادر لیڈر ہیں، انہوں نے دورہ امریکہ کے دوران سابق صدر ڈونلڈٹرمپ کے ساتھ مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا کا معاملہ بھرپور انداز سے پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پرائی جنگ کا حصہ بن کر پاکستان نے بھاری قیمت چکائی ہے، 70 سے 80 ہزار لوگ شہید ہوئے جبکہ ملکی معیشت کو ڈیڑھ سو ارب ڈالر نقصان اٹھانا پڑا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بلاول بھٹو آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے انتخابی مہم چھوڑ کر امریکہ بھاگ گئے ہیں، لگتا ہے کہ کشمیر میں ان کے امیدوار ختم ہو گئے ہیں، گزشتہ پانچ سال آزاد جموں و کشمیر میں ن لیگ کی حکومت رہی، ن لیگ بتائے کہ اس نے کشمیر کیلئے کیا کیا، کیا لوگوں کی محرومیوں کو دور کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مرکز میں اپنی کارکردگی اور دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات جیت کر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ فرخ حبیب نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے تحریک انصاف حکومت کو مینڈیٹ دیا تو آج پی ایس ڈی پی میں گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تاریخ کا سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس میں سزا ہو چکی ہے، وہ خود کو معصوم ثابت نہیں کر سکے، مریم نواز بھی سزا یافتہ مجرم ہیں، شہباز شریف کے خلاف بھی اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا کیس چل رہا ہے، وہ ضمانت پر رہا ہوئے ہیں بری نہیں ہوئے، ان لوگوں کا مسئلہ یہ ہے کہ غیرضروری التوائیں لیتے ہیں جس کی وجہ سے کیسز تاخیر کا شکار ہوتے ہیں، مریم نواز گزشتہ چھ ماہ کے دوران چھ التوائیں لے چکی ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ماضی میں چوروں کی حکومتیں رہی ہیں، ان لوگوں نے احتساب کے نظام کو مضبوط نہیں کیا تاہم تحریک انصاف کے دور حکومت میں ادارے مضبوط ہوئے ہیں اور نیب اب تک بدعنوان عناصر سے ساڑھے چار سو ارب سے زائد ریکوریاں کر چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں