23

تمام صوبوں کو کوروناایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیلئے تفصیلی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،این سی او سی

اسلام آباد:این سی او سی نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں ،کورونا وائرس کی مختلف اقسام کی موجودگی اورعید الاضحیٰ کی آمدکے پیش نظرکورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرات لاحق ہیں،ان خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام ہائی رسک سیکٹرز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے خصو صی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔اس سلسلے میں تمام صوبوں کو کوروناایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیلئے تفصیلی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے اور حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے بھی احکامات جاری کیے گئے۔ گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں جانے والے سیاحوں کی ہوٹل بکنگ کیلئے ویکسینیشن کو لازمی قرار دی گیا ہے۔ ان مقامات کے داخلی راستوں اور ہوٹلوں میں داخلے پر ویکسین سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کیلئے طریقہ کار کا اجراءبھی کی گیا۔ ریسٹورنٹس، جمنازیم، سینما گھروں اور شادی ہالز کی انتظامیہ اور آنے والے افراد کیلئے بھی ویکسینیشن لازمی قرار اور اس کی تصدیق کیلئے بھی خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بس اڈوں ، ریلوے اسٹیشن ، اندرون اور بیرون شہر چلنے والی ٹرانسپورٹ ،مساجد اور بازاروں کیلئے پہلے سے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں۔ ضلعی اتظامیہ کیلئے تفصیلی چیک لسٹس جاری کی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ادارے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جاری کی گئی ہدایات میں انسپکشن کا مفصل طریقہ کار درج کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں