21

مریم ، ایون فیلڈ اور بلاول سوئس بینکوں کی ناجائز دولت کا تحفظ کر رہے ہیں، فرخ حبیب

فیصل آباد:وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز اور زرادی کی ناجائز دولت پر پرورش پانے والے بچے کشمیر بچاﺅ مہم کی آڑ میں ابو کی کرپشن چھپا رہے ہیں،مریم ، ایون فیلڈ اور بلاول سوئس بینکوں کی ناجائز دولت کا تحفظ کر رہے ہیں ، نواز شریف سمیت پورا شریف خاندان این آر او کی خاطر بھگوڑا ہے ، مریم سرٹیفائیڈ جھوٹی ہے ،وہ کہتی تھی کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں اور پھر جائیدادایں نکل آتی ہیں ، ن لیگ کا ماضی امریکہ کی غلامی اور جوتے پالش کرنے کے بے شمار واقعات سے بھرا پڑا ہے ، مریم اور بلاول میں کیا اہلیت ہے ، ان کے سی وی میں صرف بڑے خاندان کا ہونا درج ہے ، ن لیگ نے اگر کشمیر بچانا ہوتاتو مودی کیوں ان کے گھر آتا ، آموں اور ساڑھیوں کے تحفے کیوں جاتے ، ن لیگ کلبھوشن کے پکڑے جانے کے بعد کیوں خاموش رہی۔ وہ ہفتہ کو چلڈرن ہاسپیٹل میں دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کر مودی کے آر ایس ایس نظریے کو بے نقاب کیا،دوسری جانب بھارت کو خوش کرنے کے لئے نواز شریف ڈان لیکس جیسے معاملات کا سہرا لیتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسکے دو جہاز مار گرائے ، یہ آپریشن عمران خان کی قیادت میں مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے سچے وکیل ہیں،انہی کی کوششوں سے آج مودی پر ہر سمت سے دباﺅ بڑھ رہا ہے ،بلاول اور مریم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ، دونوں کی پرورش اپنے والد کی ناجائز دولت سے ہوئی ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی سنجیدہ ہوتیں تو انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں(ای وی ایم ) سے کبھی راہ فرار اختیار نہ کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بات دنیا سنتی ہے کیونکہ پاکستان میں عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جن کی ساکھ اچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے احتساب کو مک مکا کا ذریعہ بنایا ہوا تھا ، پہلی مرتبہ دونوں کی احتساب میں پکڑ ہوئی ہے ،نیب نے قومی خزانہ لوٹنے والوں سے 450ارب وصول کیے ، 33ارب صرف زرداری کیس میں ریکور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مریم بزدل ہے جو اپنی سزاﺅں کے خلاف کی ہوئی اپیلوں میں التوائ کے پیچھے چھپ رہی ہیں، اب تک 6مرتبہ عدالت سے التوائ لے چکی ہیں ،نواز شریف الطاف حسین ٹو بن چکے ، لندن میں پولو میچ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر فوجی قیادت نے سیاسی قیادت کو اعتماد لیا ،امریکہ نے بھی تسلیم کیا کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان کا کردار ہے ، پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70ہزار جانیں قربان کیں ، 150ارب کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم ، پاکستان کے مستقبل اور سالمیت کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان اور ساہیوال ضلع میں سب کو ہیلتھ کارڈ مل گیا، دسمبر تک پنجاب کے ہر گھر تک ہیلتھ کارڈ پہنچ جائے گا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد میں مخیر حضرات کے تعاون سے اپنے صحت کے شعبے کو مزید بہتر کر رہے ہیں ، چلڈرن ہسپتال میں بچوں کے لئے ڈائیلاسسز مشین کا عطیہ کیا گیا ہے۔ انہوں کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ہیلتھ کارڈ سے 5لاکھ خاندان مستفید ہوئے ہیں، اب کے پی کےمیں رہنے والے افراد کا شناختی کارڈ نمبر ہی ہیلتھ کارڈ نمبر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں