20

بھارت پاکستان کے خلاف ہائبرڈجنگ میں ملوث ہے جس کیلئے وہ افغانستان کی سرزمین کو استعما ل اور ملک میں دہشت گردی اورعسکریت پسندی میں معاونت کر رہا ہے،صدر

اسلام آباد:صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہائبرڈجنگ میں ملوث ہے جس کیلئے وہ افغانستان کی سرزمین کو استعما ل اور ملک میں دہشت گردی اورعسکریت پسندی میں معاونت کر رہا ہے، کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ، جوہرٹاﺅن بم دھماکہ، کلبھوشن یادیوکی گرفتاری اوردہشت گردی کی دیگر سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان کوعدم استحکام سے دوچارکرنے کیلئے یہ حملے بھارتی معاونت سے ہوئے ہیں،صدرمملکت نے کہاکہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کاشکارکرنے کیلئے سازشیں کررہاہے اوراس مقصد کیلئے دہشت گردی کی سرگرمیوں کیلئے عسکری تنظیموں کوفنڈز فراہم کرتا ہے، صدرمملکت نے کہاکہ بھارت اپنے شیطانی عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ ملک کی مسلح افواج سیکیورٹی کے چیلینجوں بالخصوص ففتھ جنریشن وار سے نمٹنے کیلئے پوری استعداداورصلاحیت رکھتی ہے۔صدرمملکت نے ان خیالات کااظہاربدھ کویہاں بلوچستان پر ساتویں قومی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے صدرمملکت سے ایوان صدرمیں ملاقات کی۔صدرمملکت نے کہاکہ بلوچستان کو ملک کے دیگرعلاقوں کے برابرلانے کیلئے حکومت نے صوبہ کی سماجی اوراقتصادی ترقی پرسنجیدگی سے توجہ مرکوزکررکھی ہے۔ گوادرکی بندرگاہ اورچین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں سے بلوچستان کے عوام کے معیارزندگی میں نمایاں تبدیلیاں آئیگی۔صدرنے کہاکہ سی پیک سے بلوچستان کیلئے کثیرمواقع فراہم ہوں گے کیونکہ علاقائی ممالک بالخصوص تاجکستان اور ازبکستان گوادرکی بندرگاہ کے زریعہ اپنی برآمدات اورتجارت کیلئے یہی راہداری استعمال میں لائیں گے۔صدرمملکت نے کہاکہ بلوچستان میں معدنیات اورماہی گیری کے شعبوں میں بے پناہ استعدادموجود ہے اورروفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کے فائدے کیلئے ان شعبوں میں پائی جانیوالی استعداد کو بروئے کارلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔صدرمملکت نے اس بات کوسراہاکہ ملک کی سیاسی اورفوجی قیادت بلوچستان کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ایک سوال پرصدرمملکت نے عوام کوجلدانصاف کی فراہمی کیلئے عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پرزوردیا۔صدرعارف علوی نے کہاکہ پاکستان ابھررہاہے اورحکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں جس کی تصدیق کلیدی اقتصادی اشاریوں میں اضافہ سے بھی ہورہی ہے۔افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے تناظرسے متعلق ایک شریک کے سوال پرصدرمملکت نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں امن اوراستحکام کیلئے خلوص نیت سے کوششیں کررہاہے۔ صدرمملکت نے افغانستان کے موجودہ صورتحال کے تناظرمیں پرامن سیاسی تصفیہ کی ضرورت پرزوردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں