26

سیلاب اور دریائی کٹاو سے بڑے پیمانے پر نقصان تاحال خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے

گلگت (س۔ر)اپوزیشن لیڈر کی ڈی جی ڈزاسٹر منیجمنٹ سے ملاقات، سترانگلونگما، کتپناہ اور گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں کے سیلاب متاثرین کی بحالی پر تبادلہ خیال اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے ڈی جی گلگت بلتستان ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی شجاع عالم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کواردو سترانگلونگما، کتپناہ، برگے، بسینگو، سیرمک حیدرآباد گلگت اور دیگر مقامات پر جاری سیلابی تباہ کاریوں کی بحالی اور ریسکیو کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سکردو شہر میں متعدد مقامات پر سیلاب اور دریائی کٹاو سے عوام کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوئے ہیں لیکن ان کی تاحال بحالی کے لیے خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ کواردو سترانگلونگما اور کتپناہ کے عوام در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن حفاظتی بند کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اسی طرح برگے کے متاثرین کی بھی بحالی تاحال نہیں ہوسکی ہے۔ ڈی جی نے کہا کہ کلائیمیٹ چینج یقینا ایک بڑا چیلنج جس کے طویل المیعاد بنیادوں پر سب مل کر ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔ جی بی ڈی ایم اے اپنی محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے انکی بحالی کے لیے سرگرداں ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ منیجمنٹ کو سکردو کے سیلابی علاقوں اور دریائی کٹاو کے متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کے احکامات جاری کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں