22

زائد المیعاد خوردونوش فروخت کرنے کی پاداش میں دکانوں کو سیل کرکے بھاری جرمانے عائد

گلگت (س۔ر)اسسٹنٹ کمشنر استور احسان الحق کے احکامات پر تحصیلدار استور عبد الرحمان نے مجسٹریٹ لیاقت دین کے ہمراہ رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کے جاری کردہ نرخنامہ جات پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے استور بازار کی مختلف دکانوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مقرر کردہ قیمتوں سے تجاوز کرکے مہنگے داموں اشیائے خورد نوش فروخت کرنے والے دو دکانداروں کو مقامی پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ غیر معیاری اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کی پاداش میں دکانوں کو سیل کرکے بھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے مذکورہ اشیاء کو موقع پر ہی تلف کردیے۔ جبکہ نیا بت بونجی میں بھی نائب تحصیلدار محمد عیسی نے کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کر دیے۔ بونجی میں درزیوں کیلئے نرخ نامے کا بھی اجراء کیا جاچکا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر استور نے رمضان المبارک میں تمام مجسٹریٹس کو چوکنا رہنے کی سختی سے ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ روزہ داروں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خورد نوش کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ کوئی بھی دکاندار، سبزی فروش، درزی یا نائی مقرر کردہ قیمت یا اجرت سے زیادہ طلب کرے تو اس سے فوری طور پر بل حاصل کرکے اسسٹنٹ کمشنر استور کو بل لف کرکے سادہ کاغذ پر درخواست دیں۔ انشا ء اللہ گراں فروش کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نیز شکایات کی صورت میں بھی دئے گئے نمبرز پر اپنی شکایات کا اندراج کروادیں۔ شکایت کنندہ کانام صیغئہ راز میں رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں