31

ہر پندرہ دنوں بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں بلوں کی ریکوری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوں گے

گلگت (س۔ر) ڈپٹی کمشنر سکردو کی زیر صدارت بجلی بل کی ادائیگی اور ریکوری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی سکردو، اسسٹنٹ کمشنر سکردو، اسسٹنٹ کمشنر گمبہ، ایکسیئن برقیات، تینوں سب ڈویژن کے بلنگ ایس ڈی اوز، ایس ایچ اوز اور تمام میٹر ریڈرز نے شرکت کیں۔ اجلاس میں ایکسیئن برقیات اور ایس ڈی اوز بلنگ سیکشن نے بجلی بلوں کی ادائیگی اور ریکوری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اور میٹر ریڈرز کی ماہانہ تربیتی پروگرام، بلنگ سیکشن کی آف لائن سافٹ ویئر اور دیگر دفتری امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی اوز اور میٹر ریڈرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام اپنے سیکٹر میں دفتری امور اور بل ریکوری کے عمل کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو صارف بل کی ادائیگی سے انکار کرے اس کی لائن کو کاٹ دی جائے۔ اور ہر سیکٹر میں متعلقہ ایس ڈی اوز اور میٹر ریڈرز ریکوری کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پندرہ دنوں بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں بلوں کی ریکوری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوں گے اس سلسلے میں ہر ہفتے اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے دفاتر میں ایس ڈی اوز کے ساتھ اجلاس کر کے کارکردگی رپورٹ مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی اوز اور ایس ایچ اوز ضرورت کے حساب سے ٹیمیں تشکیل دے کر بلوں کی ریکوری کے عمل کو تیز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ رپورٹ میں جس ایس ڈی اوز اور میٹر ریڈرز کی کارکردگی اچھی آئے گی ان کو سرٹیفکیٹ اور کیش ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن صارفین کے اوپر بقایاجات موجود ہو، ان بقایاجات کو بل میں مینشن کریں تاکہ صارف مرحلہ وار بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں