گلگت (س۔ر) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت صوبائی سیکریٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد چیف سیکریٹری سیکریٹریٹ میں ہوا۔ کانفرنس میں صوبے میں بجلی بل/ بقایاجات کی ریکوری، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی روک تھام، زمینوں کے معاوضہ جات کی ادائیگی، انسداد پولیو مہم میں پیشرفت سمیت مختلف متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں ہوم سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ( ر) سید علی اصغر نے چیف سیکریٹری پرفارمنس منیجمنٹ اینڈ ریفارمزیونٹ کی جانب سے تیارہ کردہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی مجموعی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی اپنے متلقعہ اضلاع میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت ، سیاحتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سمیت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بروئے کار لائے جانیوالے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے گڈ گورننس اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتظامی آفیسران کا کردار اہم ہے اور وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں بجلی چوری روکنے سمیت بقایا جات کی وصولی، پٹرولیم مصنوعات کی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاون کیلئے بھی موثر اقدامات اٹھائیں۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے انسداد پولیو مہم کو مزید موثر بنانے، ترقیاتی منصوبوں کیلئے بروئے کار جانیوالی زمینوں کے معاوضہ جات کی ادائیگی اور التوا کا شکار ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے بھی احکامات جاری کردئیے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام انتظامی آفیسران قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ کے اشتراک سے خطے کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے، منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاون اور سبسڈائزڈ گندم اور آٹے کی سمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ روکنے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کا ماہانہ بنیادوں پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا اور وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں عوامی مسائل اور شکایات کے ازالے کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد اور دیگر محکموں کیساتھ مربوط اشتراک سے گڈ گورننس کے قیام کو یقینی بنائیں۔
50