47

برصغیر کے مسلمانوں پر قائداعظم کا ایک احسانِ عظیم ہے، آج کا دن بانی پاکستان سے عہد کا دن ہے،وزیراعلی گلگت حاجی گلبرخان

گلگت:وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا 25 دسمبر یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے 25 دسمبر یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 25 دسمبر ہر پاکستانی کی زندگی میں ایک تاریخ ساز دن ہے کیونکہ آج اس عظیم رہنما کا جنم ہوا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن، الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا۔انہوں نے اپنی اٹل قوت ارادی، دانش ورانہ صلاحیتوں ، فہم و ادراک اور فولادی اعصاب کی مدد اور مسلسل انتھک محنت سے مسلمانان پاک و ہند کے گلے سے صدیوں کی غلامی کا طوق اتار ااور مملکت خدادا پاکستان کی بنیاد رکھی۔برصغیر کے مسلمانوں پر قائداعظم کا ایک احسانِ عظیم ہے، آج کا دن بانی پاکستان سے عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے وطن کی سالمیت اورترقی کیلئے ہر قربانی دیں گے۔ملک کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے ہر قسم کے لسانی، علاقائی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پر امن، ترقی پسندانہ اور جمہوری رویوں کو پروان چڑھانا ہوگا۔ گلگت بلتستان کے عوام نے قائد اعظم کے تصور پاکستان سے متاثر ہوکر مملکت خدادا پاکستان میں شمولیت کیلئے جدوجہد آزادی میں عظیم قربانیاں پیش کی ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی اور بقاء و سلامتی کیلئے بھی ہمت اور جرات کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ ہم سب ایک قوم بن کر قائد اعظم کے تصور کے مطابق پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں