82

قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا یہ دن ہمارے لئے بحیثیت قوم ان کےنظریے کو بنیاد بناکر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کا بھی دن ہے،ایمان شاہ

گلگت:معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا یہ دن ہمارے لئے بحیثیت قوم، انفرادی اور اجتماعی طور پر، خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ آج کا دن جہاں اپنے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے وہاں ان کے افکار و سوچ کو تازہ کرنے اور اس نظریے کو بنیاد بناکر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کا بھی دن ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں انگریز کے تسلط اور ہندو سامراج کی ریشہ دوانیوں کا شکار بننے والی مسلمان قوم کو قائد اعظم نے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور اپنی جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں ایک ایسی ریاست کی تشکیل کو ممکن بنایا کہ جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی یا دیگر کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں حقوق و مواقع حاصل ہوں۔ محنت، سچائی، دیانتداری، بے لوث جدوجہد اور جمہوری اقدار کی پاسداری قائد کی زندگی کے وہ چند زریں اصول ہیں جن کی تقلید کرتے ہوئے ہم ملک و قوم کو درپیش مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور پاکستان کو مزید مستحکم بناسکتے ہیں۔ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا احسن طریقہ یہی ہے کہ ان کے افکار اور تعلیمات پر صدق دل سے عمل کرتے ہوئے مادر وطن کی ترقی و خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے گریز نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ بانی پاکستان کی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت ہر گزرے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔ آج سیاسی، معاشی، معاشرتی، مذہبی اور اہم ترین انتظامی امور میں ہمیں جن دشواریوں کا سامنا ہے ان پر عملدرآمد کے ذریعے قابو پاکر ہی اقتصادی استحکام اور ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں