غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کی پٹی میں فلسطینی اتھارٹی کے انفارمیشن آفس کے مطابق،اکتوبر سے اب تک غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 14ہزار 128 ہوگئی ہے۔فلسطینی اتھارٹی کے انفارمیشن آفس نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 128 تک پہنچ گئی ہے۔اس بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء میں 5 ہزار 840 بچے اور 3 ہزار 920 خواتین ہیں جو کہ شہداء کی کل تعداد کا ٪ 69 ہیں۔بیان کے مطابق، 6 ہزار 800 سے زیادہ لوگ لاپتہ ہیں یا ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن میں سے 4 ہزار 500 سے زیادہ خواتین یا بچے ہیں۔انفارمیشن آفس نے مزید کہا کہ غزہ پر حملوں میں اب تک 205 طبی اہلکار، 22 امدادی کارکن اور 62 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں ٪ 75 سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔100 سرکاری عمارتوں اور 266 سکولوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا جن میں سے 66 سکول مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
40