82

کمشنر میرپور ڈویژن کی تینوں اضلاع میں اشیاء کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت

میرپور،کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت علی نے ڈویژن میرپور کے تینوں اضلاع میرپور ،کوٹلی اور بھمبر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ روزمرہ کی ضرورت کی اشیاء کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کو یقینی بنائیں اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیںاورپرائس کنٹرول کی چیکنگ کی رپورٹ کا مکمل ڈیٹا رکھیں ۔بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے تاکہ لوگوں کو خالص ،معیاری اور مقرر کردہ نرخوں کے مطابق اشیاء ضروریہ دستیاب ہوسکیں ۔دودھ ،دہی ،گوشت ،سبزی ،فروٹ ،بیکر ی کی اشیاء سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آفس میں منعقدہ اجلاس میں کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر محمود سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔کمشنر چوہدری شوکت علی نے ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں ملاوٹ سے پاک اشیاء ضروریہ لوگوں کو فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔اس حوالے سے جملہ مجسٹریٹ صاحبان روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے ایریا میں پرائس کنٹرول کی چیکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو اشیاء ضروریہ مقرر کردہ نرخوں کے مطابق دستیاب ہوسکیں ۔انھوں نے مزید کہاکہ ہوٹلز اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے والی دوکانوں ،گوشت فروشوں اور دودھ فروشوں کی دوکانوں میں صحت و صفائی کے نظام کی بھی پڑتال کی جائے اس طرح شہروں اور گلی محلوں اور سڑکوں کے کنارے کچرے کے ڈھیروں کا خاتمہ کیا جائے ۔میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے تعاون سے صحت و صفائی کے نظام میں بھی بہتری لائی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں