49

جشن آزادی گلگت بلتستان سپورٹس گالہ کا آغاز

گلگت : قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں جشن آزادی گلگت بلتستان سپورٹس گالہ کا آغاز ہوگیا۔ اس سے قبل طلبہ وطالبات نے اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لئے محتلف شعبوں سے ریلی کی شکل میں کرکٹ گراونڈ کی طرف مارچ کیا۔ سپورٹس گالہ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ تھے۔ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میرتعظیم اختر، سینئر ڈین ڈاکٹر خلیل احمد،یونیورسٹی کے سینئر انتظامی وتدریسی افسران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجودہ تھے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کرکٹ شاٹ کھیل کرسپورٹس گالہ کاباقاعدہ آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سپورٹس گالہ کے بہترین انتظامات کرنے پر سپورٹس کمیٹی کے اراکین کی کوششوں کو سراہااور کھیل کو انسانی صحت کے لٸے لازمی جز قرار دیتے ہوئے کہاکہ طلبا ھیل کو کھیل کی حد تک نہ رکھیں بلکہ اس کو قیام امن،بھائی چارگی کے فروغ اور رویوں میں تبدیلی کا ذریعے بنائیں۔انہوں نے کہاکہ کھیل انسانی جسم کو صحت مند بنانے کے ساتھ ساتھ ذہنی تندرستی کاضامن بھی ہے۔کھیل صحت مند زندگی کے حصول کیلئے نہایت ضروری ہے۔ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ انسان میں قائدانہ صلاحتیوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔لہذا طلبہ وطالبات تعلیم وتحقیق کے ساتھ ساتھ کھیل پر بھی توجہ دیں تاکہ ترقی یافتہ قوم و صحت مند معاشرے کا قیام یقینی ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ سپورٹس گالہ نوجوانوں کو ایک مثبت پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ جس سے طلباء کو اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں استعمال کرنے اور اتحاد و یگانگت کا جذبہ پیدا کرنے سمیت ان کے اندر چھپے صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ ہے۔ سپورٹس گالہ 9نومبر 2023تک جاری رہے گا۔جس میں یونیورسٹی کے مین کیمپس کے شعبوں کی ٹیموں کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔جن میں کرکٹ،فٹ بال،والی بال،باسکٹ بال،رسہ کشی اور بیڈ منٹن شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب بعد مینجمنٹ اور فیکلٹی کی ٹیموں کے مابین دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا۔ مینجمنٹ کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیکلٹی کو ہرا کر میچ اپنے نام کردیا۔ مینجمنٹ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سات اوورز میں آل آوٹ ہوکر87رنز کا ہدف دیا۔ہدف کی تعاقب میں فیکلٹی کی ٹیم مقررہ اورز میں 78رنز بناسکی۔یوں مینجمنٹ کی ٹیم نے میچ کو اپنے نام کردیا۔منیجمنٹ کے کھلاڑی یاسر کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46رنز سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔جبکہ فٹ بال میچ شعبہ انیمل سائنسز اور فزکس کے مابین کھیلاگیا۔انیمل سائنسز کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نا م کردیا۔اور اگلے راونڈ کے لٸے کوالیفائی کرلیا۔پہلے روز ہونے والے والی بال کے مقابلے میں شعبہ مینجمنٹ سائنسز نے شعبہ اردو کو سخت مقابلے کے بعد 2سیٹ سے شکست دیتے ہوئے والی بال میچ اپنے نا م کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں