گلگت(رپورٹر)گلگت بلتستان کا 76 واں یوم آزادی انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔گلگت بلتستان کے 76ویں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز گلگت میں تاریخی چنار باغ میں پرچم کشائی سے ہوا۔ تقریب میں کمانڈر 10 کور لیفٹننٹ جنرل شاہد امتیاز، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈوکیٹ، معاون خصوصی برائے وزیراعلی یوتھ افیرز و کامرس زبیح اللہ، صوبائی کابینہ کے اراکین سمیت چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، انسپکٹر جنرل پولیس افضل محمود بٹ سمیت اعلی سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمانڈر 10 کور لیفٹننٹ جنرل شاہد امتیاز، گورنر سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور معاون خصوصی برائے وزیراعلی یوتھ افیرز و کامرس زبیح اللہ و دیگر نے شہدائے آزادی کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ گلگت بلتستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں یوم آزادی کی مرکزی تقریب پاک آرمی کے زہر اہتمام ایف سی این اے ہیلی پیڈ میں منائی گئی.
51