گلگت ،وزیر اعلی گلگت بلتستان نے یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یکم نومبر 1947 کو عزم و استقلال اور جذبہ ایمانی سے سرشار ہمارے آباء و اجداد نےاپنے سے کئی سو گنا طاقتور اور جدید اسلحے سے لیس دشمن کے خلاف بغیر کسی بیرونی امداد کے گلگت سے تراگبل گریز اور سکردو سے کارگل و لداخ اور زانسکار پدم تک کے وسیع و عریض خطے کو آزاد کروا کے عسکری تاریخ کی نایاب مثال قائم کی۔ آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، وہ ان بہادر مجاہدوں، غازیوں اور شہیدوں کے یقین محکم اور بیش بہا قربانیوں کا ثمر ہے۔ جنگ آزادی گلگت بلتستان 1947 میں ہماری قوم نے جس اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا تھا ، آج ہمیں اسی اتحاد و اتفاق کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ اللہ تعالی نے گلگت بلتستان کو عظیم نعمتوں ، قدرتی و معدنی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے نوازا ہے اور اپنی آزادی اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے یوم آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر ہم سب کو مل کر اس عہد کی تجدید کرنی ہوگی کہ ہم آپس کے اختلافات کو بھلا کر مذہبی ہم آہنگی، پر امن بقائے باہمی اور رواداری کو فروغ دینگے اور ہماری صفوں میں نفاق کے بیج بو کے تقسیم کی راہ ہموار کرنے والے ملک دشمن عناصر کے مذموم مقاصد ناکام بنائیں گے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان نے مزید کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے باہمی اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے سے ظلم وانصافی کی خاتمے کیلئے یکجا ہونا ہوگا۔ گلگت بلتستان کی عوامی حکومت خطے کی تعمیر و ترقی، صوبے میں گڈ گورنس کو یقینی بنانے ، معاشرے سے ظلم و نا انصافی کے خاتمے، اداروں کو کرپشن سے پاک کرنے اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنایا جارہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ آج کے دن ہم ان تمام غازیوں اور شہدا کے جذبۂ آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنا کل ہمارے آج کیلئے قربان کردیا۔ ہم زندہ قوموں کی طرح اپنے محسنوں کو ہمیشہ یادرکھیں گے اور آزادی کے اس دن کو بھر پور انداز میں مناتے رہیں گے۔
ہمیں اس امر کا احساس کرنا ہوگا کہ آزادی ہمیں طشتری میں رکھ کے دان نہیں کی گئی ہے بلکہ اس کے حصول کیلئے ہمارے اسلاف نے آگ اور خون کا دریا پار کیا ہے۔آزادی کی حفاظت اور قدر نہ کرنے والی قومیں صفحہ ہستی سے حرف غلط کی طرح مٹا دی جاتی ہیں۔ جو لوگ اپنی آزادی کی حفاظت کرتے ہیں اور اپنے وطن کی مضبوطی اور استحکام کیلئے محنت اور اتفاق کو اپنا شعار بناتے ہیں، وہی اقوام عالم میں معتبر ٹھہرتے ہیں لہذا ہمیں یوم آزادی تجدید عہد وفا کے طور پر منانا ہوگا کہ گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام اور تعمیر و ترقی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر منظم کردار کرینگے۔