26

ایمان شاہ نے آتشزدگی سے پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ

گلگت،معاون خصوصی اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے گزشتہ روز پبلک چوک جوٹیال گلگت میں لکڑی کے کارخانے میں آتشزدگی سے پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس دوران متاثرین کارخانہ نے صوبائی معاون خصوصی اطلاعات کو نقصانات سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ایمان شاہ نے کہا کہ کارخانہ متاثرین کی بحالی کے حوالے سے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ محدود مالی وسائل کے باوجود مستقل بحالی کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی خصوصی ہدایات پر آتشزدگی کے بعد ہونے والے نقصانات کے صحیح تخمینہ کے لئے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیئے ہیں تاکہ صحیح معنوں میں متاثرین کی بحالی کے کام کی تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کارخانہ متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے،جس کے لئے محدود وسائل کے باوجود مالی معاونت سمیت دیگر اقدامات بھی اٹھائیں گے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان ان تمام صورتحال کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لئے جامع انداز میں منصوبہ بندی کر رہی ہے۔اس حوالے سے اگلے چند دنوں میں وزیراعلی سے تفصیلی نشست میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے مذید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عوامی مسائل کے حل حکومت گلگت بلتستان کی پہلی ترجیح ہے۔آگ لگنے کے بعد وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ کارخانے میں فوری ریسکیو آپریشن کے کام کا آغاز کردیا گیا تھا،کابینہ کے اراکین اور مقامی انتظامیہ کے زمہ داران فوری طور پر آگ بجھانے کیلئے اقدامات کیئے اور آگ پر قابو پایا گیا۔اس موقع پر اہل محلہ نےحادثے کے بعد کارخانے سے متصل آبادی میں بجلی کی بحالی کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کیلئے درخواست کی،جس پر معاون خصوصی نے متعلقہ زمہ داروں سے بات کرکے فوری طور پر بجلی کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے کہا،جو کہ بہت جلد بجلی بحال ہوجائے گی۔اس موقع پر متاثرین کیلئے فوری اقدامات مالی امداد و بحالی کے حوالے سے مکمل یقین دہانی پر کارخانہ متاثرین نے وزیراعلی گلگت بلتستان ،معاون خصوصی اطلاعات،و دیگر زمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں