گلگت : وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہےبھارت نے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت اور تمام بین الاقوامی اصول و ضوابط اور قوانین کو روندتے ہوئے گزشتہ 76 سالوں سے مظلوم کشمیریوں کو عملا مقید کر رکھا ہے اور آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ، ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ ، پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے ذریعے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے بڑے پیمانے پر قتل وغارت، گرفتاریاں، تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مصروف عمل ہے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان نے مزید کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام مظلوم کشمیریوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منا کر دنیا کو واضح پیغام دینگے کہ ہم جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور حصول خودارادیت اور جدوجہد آزادی تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہینگے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے لازوال قربانیاں رقم کی ہیں اور جموں و کشمیر کی مکمل آزادی تک ہمارے غیر متزلزل عزم میں کوئی کمی نہیں آئیگی اور صبح آزادی کشمیر کے بعد گلگت بلتستان اور جموں و کشمیر پاکستان کا آئینی حصہ بنکر تکمیل پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرینگے۔
58