72

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بین الاقوامی سیاحت کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل

گلگت، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بین الاقوامی سیاحت کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں سے زیادہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے مواقع ہیں۔ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا قیام بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ گلگت میں بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کیلئے فزیبلٹی کا عمل جاری ہے۔ گلگت بلتستان وسیع ثقافت کا حامل علاقہ ہے، ہمارے روایات اور ثقافت دیگر علاقوں سے منفرد ہے۔ گلگت بلتستان کے ثقافتی تہوار بھی بین الاقوامی سیاحت کو راغب کرنے کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہیں۔ سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور ہوٹل انڈسٹری کو فروغ دینے کے حوالے سے صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سیاحت، پاور اور معدنیات کے شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح این ایف سی میں گلگت بلتستان کو بھی شامل کرنا ہمارا دیرینہ اور جائز مطالبہ ہے جس سے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی بہتری کیلئے درکار وسائل میں اضافہ ہوگا۔ گلگت بلتستان میں سی پیک کا کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے، سی پیک کا آغاز گلگت بلتستان سے ہوتا ہے۔ گلگت بلتستان کے میگا پروجیکٹس کو سی پیک میں شامل کرنا چاہئے تاکہ سی پیک کے ثمرات ملک کے دیگر صوبوں کے عوام کی طرح گلگت بلتستان کے عوام کو بھی مل سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں