38

ترقیاتی سکیموں میں گاؤں اور قصبوں میں پانی کی فراہمی کی سہولیات اور سڑکیں شامل

گلگت: سیکرٹری تعمیرات عامہ صفدر خان کی سربراہی میں محکمہ جاتی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے آج 342.400 ملین روپے مالیت کی مختلف ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی۔ ترقیاتی سکیموں میں بنیادی طور پر چھوٹے گاؤں اور قصبوں میں پانی کی فراہمی کی سہولیات اور سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے، سیکرٹری تعمیرات نے کہا کہ مالیاتی دائرہ کار اور دستیاب مالی وسائل میں ترقیاتی سکیموں پر فوری عملدرآمد اور ان ترقیاتی منصوبوں کی تیز ترین تکمیل محکمہ کی اولین ترجیح ہے ۔ سڑکوں کی تعمیر اور پانی فراہمی کے منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو درپیش مشکلات دور کرنے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری تعمیرات عامہ نے محکمے کے انجینئرز سے کہا کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہرممکن کوشش کریں تاکہ تعمیراتی سامان اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے سے پیشتر ہی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں