25

حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ایک ویژن کے تحت کام کررہی ہے،سید سہیل عباس

گلگت،صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور سید سہیل عباس،وزیر زراعت انجینیئر محمد انور اور وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے ایئر وار کالج کے آفیسران کے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ایک ویژن کے تحت کام کررہی ہے۔حکومت گلگت بلتستان نے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائے ہیں جس سے محکموں کے استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔زرعی، پولٹری اور ڈیری کے شعبے میں خود کفالت کی منزل حاصل کرنے کیلئے باقاعدہ پلان کے تحت اقدامات کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور دفاعی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکردو ایئر پورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ سی پیک منصوبے سے اس علاقے کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔جنگلات کے تحفظ کیلئے متبادل توانائی کے منصوبے زیر غور ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد نے گلگت بلتستان کے دورے پر آئے ہوئے ایئروار کالج کےآفیسران کو گلگت بلتستان کی جغرافیائی، سیاحتی و ثقافتی اہمیت ،پی ایس ڈی پی پراجیکٹس اور دیگر منصوبوں کے حولے سے تفصیلی بریفننگ دی۔اس موقع پر ایئر مارشل راجہ عمران نے گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور یہاں کی مہمان نوازی کے حوالے سے کہا کہ گلگت بلتستان ایک مثالی خطہ ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔مختلف ممالک سے آئے ہوئے آفیسران گلگت بلتستان کی خوبصورتی سے محظوظ ہورہے ہیں،ان کے دورے سے ہمارے ملک کا ایک بہترین امیج پوری دنیا کو جائے گا۔ایئر وار کالج کے آفیسران میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی،الائیڈ آفیسرز، سعودی عرب، ایران، عراق، بنگلہ دیش، اردن، بحرین، ملیشیاء، انڈونیشیاء، جنوبی افریقہ، زمبابوئے، نائیجریا، مصر اور سری لنکا کے آفیسران شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں