64

وفاقی سیکریٹری اطلاعات کی زیر صدارت فلم اینڈ ڈرامہ فنانس فنڈ کی فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کا افتتاحی اجلاس

اسلام آباد(اے پی پی):فلم اینڈ ڈرامہ فنانس فنڈ کی فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کا افتتاحی اجلاس گزشتہ روز وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات ظہور احمد کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات نے اپنے ابتدائی کلمات میں شرکاءکا خیرمقدم کرتے ہوئےاعادہ کیا کہ فلم اور ڈرامہ فنانس فنڈ جو فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ پالیسی 2018ءکے تحت قائم ہوا، کا مقصد پاکستانی سینما کی بحالی اور فلم سازوں کے لئے موزوں اثرات مرتب کرنا ہے جو اب مختلف مالیاتی ذرائع، گرانٹس اور قرضوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ رولز کے اعلان کے بعد فلم اینڈ ڈرامہ فنانس فنڈ کا قیام 5 اگست 2023ءکو ہوا۔ مذکورہ فنڈ کے قیام کے لئے ابتدائی طور پر ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی مد میں ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ وزارت اطلاعات نے اس فنڈ کے انتظام کے لئے ایک فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کا بھی اعلان کیا ہے جس میں فلمی صنعت کے ممبران بھی شامل ہیں۔ اجلاس کے شرکاءنے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ءکے 13 ویں شیڈول میں فنڈ کو شامل کرنے کے لئے وزارت کی کوششوں کو سراہا۔ اس فنڈ میں حصہ ڈالنے والوں کو اسی طرح ٹیکس رعایت دی جائے گی جس طرح کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) کے دائرہ کار میں آنے والی کمپنیوں کو دی جاتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز مس ثمینہ فرزین نے اپنے خطاب میں سیکریٹری انفارمیشن کا شکریہ ادا کیا اور اجلاس کے شرکاءکو فلم اینڈ ڈرامہ فنانس فنڈ اور فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کے امور سے متعلق آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ، ایف پی سی سی آئی سے فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کے عہدہ کے لحاظ سے ممبران سمیت فلمی برادری سے تعلق رکھنے والے ارکان بشمول چیئرمین پی ایف پی اے، ذوالفقار احمد مانا، ندیم مانڈوی والہ، شہزاد رفیق، سید نور، ساتش آنند، اعجاز گل، بلال لاشاری، واسع چوہدری اور کامران جاوید سرمد کھوسٹ، بدر اکرام اور عرفان ملک سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں