28

سکردومدگار ڈورسٹیپ ڈیلیوری سروس ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے،محی الدین وانی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی کاوشوں سے مفاد عامہ کا ایک اور منصوبے کی تشکیل۔گلگت بلتستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد اورعوام کو گھر کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنےوالا منصوبہ اگلے ایک ہفتے میں سکردوسے شروع ہونے جا رہا ہے۔اس حوالے سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کہتے ہیں کہ اسکردومدگار ڈورسٹیپ ڈیلیوری سروس ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے،جس کے ذریعے صوبائی حکومت عوام کو سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے قطاروں میں کھڑے رہنے جیسے مشکلات کو ختم کرنے اور اس نظام کو سہل بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے وقت کی بچت بھی ممکن ہو گی،گلگت بلتستان حکومت نے پاکستان پوسٹ اور جی بی پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کا یہ اقدام اٹھایا ہے،جس کا پہلا پائلٹ منصوبہ ضلع سکردو میں لانچ کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو اہم دستاویزات جیسے ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ، قانونی وراثت کا سرٹیفکیٹ، پولیس تصدیق، میونسپل سرٹیفکیٹ/ منظوری، ملکیت یا منتقلی کے ریونیو سرٹیفکیٹ، موٹر کار کی رجسٹریشن وغیرہ ان کے گھر پرسہولت اور آرام سے پنہچانا ہے اس ضمن میں مزکورہ دستاویزات کی حصولی فارم جمع کرانے سے لے کر حتمی دستاویزات کی ترسیل تک سب کچھ معمولی فیس اور کم از کم وقت میں ممکن ہو سکے گی۔شہری ملاقات کا وقت طے کرنے کے لیے فراہم کردہ ٹول فری نمبر پر کال کریں گے، جس کے بعد پوسٹل سروس کا ایک نمائندہ فارم ان کی دہلیز پر لے جائے گا، فارم بھرنے اور ضروری دستاویزات منسلک ہونے کے بعد نمائندہ متعلقہ دفتر جائے گا جہاں فیلڈ سٹاف کا ایک سرشارملازم شہری کی جانب سے پر کر کے دیا جانے والا فارم متعلقہ محکمے میں متعلقہ آفیسر کے پاس جمع کرا دے گا،اس طرح جمع کرائے جانے کے بعد جوں ہی وہ دستاویز تیار ہو جائے گی متعلقہ محکمے کا نمائندہ پوسٹل سروسز کو مطلع کر دے گا اور پوسٹل سروسز کا نمائندہ اس دستاویز کو متعلقہ شہری کے گھر پر پہنچانے کا زمہ دار ہو گا،یوں عوام کو خود دفتروں میں چکر لگانے کی زحمت سے نجات مل سکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں