62

سابق ادوار میں نوکریوں اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کی، اپنے بندے کھپائے گئے،فتح اللہ خان

گلگت(نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن وفاق میں برسر اقتدار امپورٹڈ گورنمنٹ کی گلگت بلتستان دشمنی اور بجٹ کٹوتی و گندم فراہمی میں دانستہ تاخیر پر عوامی ردعمل سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور وہ وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان کے ساتھ روا رکھے جانےوالے سلوک پر گلگت بلتستان کے عوام مسلم لیگ ن سمیت پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں سے شدید متنفر ہوچکے ہیں اور اب حفیظ الرحمن اور امجد ایڈوکیٹ کو اپنی سیاست ڈوبتی نظر آرہی ہے، اس لئے وہ ہر روز صوبائی حکومت پر بیان بازی کءذریعے سیاسی طور پر زندہ رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حافظ حفیظ الرحمن کو لیڈی ہیلتھ ورکرز کے بھرتیوں کے حوالے سے تحفظات ہیں حالانکہ تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں شفاف اور میرٹ بھرتیوں کو یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام اٹھایا ہے اور اب ایچ ای سی کے ذریعے شفاف بھرتیوں سے گلگت بلتستان میں پہلی بار اہل اور باصلاحیت امیدواروں کی بھرتیاں عمل میں لائی جائینگی۔ سابق ادوار میں نوکریوں اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کی گئی اور غیر معیاری ٹیسٹنگ ایجنسیوں کے ذریعے اپنے بندے کھپائے گئے۔ حافظ حفیظ الرحمن نے اپنے دور حکومت میں نہ صرف ٹھیکوں کے ذریعے کمیشن بنایا بلکہ نوکریاں بھی اپنے عزیز و اقربائ میں بانٹی اور پیپلز پارٹی کے دور میں ہر وزیر نوکریوں کی لوٹ سیل لگائے بیٹھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے گلگت بلتستان میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے جامع ترقیاتی منصوبے میں اربوں کے منصوبے رکھے تھے جوکہ موجودہ امپورٹڈ گورنمنٹ نے سرد خانے میں ڈال دئیے۔ وفاق کی جانب سے بجٹ کی عدم فراہمی کے سبب پاور پراجیکٹس تعطل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں لوڈ شیڈنگ پر بروقت قابو نہیں پایا جا سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خالصہ سرکار اور لینڈ ریفارمز پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے دانستہ طور پر قانون سازی سے گریز کرتے ہوئے اپنی سیاست چمکانے کیلئے ان ایشوز کو زندہ رکھا ہوا ہے اور ان کی سیاست جھوٹ اور فریب پر مبنی ہے۔ وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات فتح اللہ خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر مجتمع کرنا چاہتی ہے اور ہم ان مسائل کو ورثے میں نہیں چھوڑیں گے۔ گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو تحریک انصاف کی حکومت گندم سبسڈی، لینڈ ریفارمز اور دیگر مسائل پر ایک پیج پر لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ حفیظ الرحمن اور امجد ایڈوکیٹ سیاسی بلوغت کا ثبوت دیتے ہوئے ان مسائل پر سیاست چمکانے کی کوشش نہیں کرینگے اور بہتر و تعمیری سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجاویز دینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں